لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے گزشتہ روز چینی انجینئرز اور کارکنوں کے ساتھ پیش آئے دہشت گردی کے واقعہ کے پس منظر میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ ان کے دورے کا مقصد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر کارکنوں کے ساتھ واپڈا کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ پاکستان میں متعین چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے چیئرمین واپڈا کے ہمراہ پراجیکٹ سائٹ پر چینی ورکرز کے ساتھ وقت بھی گزارا۔ چیئرمین واپڈا نے داسو پراجیکٹ کے کنٹریکٹرز چین سے تعلق رکھنے والی تعمیراتی کمپنی ’’چائنہ گزوبہ گروپ کمپنی‘‘ کے کنسٹرکشن کیمپ کا دورہ کیا۔ دہشت گردی کے مذکورہ افسوس ناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور کارکنوں کے ساتھ دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ چیئرمین واپڈا نے پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر پانی اور پن بجلی کے منصوبوں سمیت پاکستان کے دیگر تمام منصوبوں کی تعمیر میں چین کی تعمیراتی کمپنیوں کے کردار کی تعریف کی۔