گوجرانوالہ:طالب علموں کیلئے فری کتابوں کی فراہمی تاخیر کا شکار

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )نئے تعلیمی سال 2024/25 شروع ہونے میں چار روز رہ گئے، پی ایم آئی یو کی طرف سے طلبہ و طالبات کیلئے فری کتابوں کی فراہمی شروع نہ ہوسکی۔ بروقت کتابوں کی فراہمی نہ ہونے سے تعلیمی سال کے آغاز پر ہی بچوں کے تعلیمی حرج کا خدشہ ہے۔ سرکاری سکولوں میں پرانی کتابوں کو استعمال میں لانے کے لئے قائم کئے گئے ،،بک بینک،، میں خاطر خواہ کتابیں جمع نہ ہوسکیں۔ رواں سال گوجرانوالہ ریجن کے سرکاری سکولوں میں دس فیصد زائد داخلے کے ساتھ دو لاکھ مزید بچوں کو بھی سکولوں میں داخل کرنے کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ ریجن کے 7 ہزار سے زائد سرکاری سکولوں میں نرسری سے ہشتم تک انٹرنل امتحان ختم ہونے کے بعد نتائج کا اعلان 31 مارچ کو ہونا ہے۔ اور اگلے روز یکم اپریل کو نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگا۔ تاہم گوجرانوالہ سمیت ریجن کے دیگر  کے 7 ہزار سے زائد سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم 18 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات کیلئے فری درسی کتب کی فراہمی شروع نہیں ہوسکی۔ جس کے باعث تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ وطالبات کے تعلیمی حرج کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال درسی کتب کی اشاعت تاخیر سے ہونے کی وجہ سے نتائج کے فوری بعد اگلی کلاسز میں پرموٹ ہونے والے طلبہ وطالبات کو تعلیمی نقصان سے بچانے کیلئے محکمہ تعلیم پنجاب کی ہدایت پر تمام سکولوں میں ،،بک بنک،، قائم کرکے بچوں کے استعمال میں رہنے والی کتابیں بک بنک میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھیں۔ تاہم کئی روز گزرنے کے بعد سکولوں میں قائم بک بنک میں خاطر خواہ کتابیں جمع نہیں ہوسکیں۔

ای پیپر دی نیشن