اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود احمد خان نے ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اے پی پی این اے) کے نومنتخب صدر ڈاکٹر آصف محی الدین کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس باوقار عہدے کے لیے آپ کا انتخاب آپ کی برسوں پر محیط پیشہ ورانہ کامیابیوں کا اعتراف ہے، مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں "اپنا" ترقی کی منازل طے کرتی رہے گی۔ "اپنا" بیرونی دنیا میں مقیم پاکستانیوں کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔ سفیر پاکستان نے "اپنا" کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی جانب سے پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی کی خدمت، پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال ، دنیا بھر میں فلاحی اور خیراتی اقدامات اور صحت کے شعبے سے متعلقہ افراد کے درمیان روابط کو فروغ جیسے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان مثبت اثرات کے منتظر ہیں جو بلاشبہ آپ کی صدارت میں سامنے آئیں گے۔ آپ کی اپنے پیشے اور تنظیم کے مشن سے وابستگی پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی کو متاثر کرتی ہے۔ آپ کی ان نئی ذمہ داریوں میں آپ کو ہمارا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ مسعود خان نے سابق صدر ڈاکٹر ارشد ریحان کو ان کی گراں قدر خدمات پر بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر محی الدین اورلینڈو، فلوریڈا میں معدے کے ماہر ہیں اور اس علاقے کے متعدد ہسپتالوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے 1989 میں کراچی کے ڈاؤ میڈیکل کالج سے میڈیکل کی ڈگری حاصل کی۔ سفیر نے" اپنا" کے نئے صدر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر کی اے پی پی این اے کے نومنتخب صدر کو مبارکباد
Mar 28, 2024