اسلام آباد(خبر نگار)نیک اولاد تابع فرمانی کے وہ چراغ روشن کرتی ہے جن کی روشنی سے والدین دنیا وآخرت میں فرحت وطمانیت کی دولت کشید کر تے ہیں، حاجی افتخار خوش بخت ہیں جو صدقہ جاریہ کی صورت میں سماج دوست اور علم دوست اولاد چھوڑ گئے خوشی ہے اختر برادران اپنے والد مرحوم کا اصلاحی وتبلغی مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز سکالر علامہ قاری محمد تاج نے سابق ممبر تعلیمی بورڈ بانی چیئرمین اسلامیہ پبلک ماڈل سکول الحاج افتخار محمد خان کی چوتھی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مدنی مسجد کمال آباد میں ہونے والی دعائیہ نشست میں سماجی' عوامی کاروباری اور علم وادب سے متعلق شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مہمان شخصیات نے بتایا کہ حاجی اختر افتخار' حاجی انصر افتخار اور حاجی صفدر افتخار اپنے اپنے انداز سے خدمت خلق میں مصروف ہیں یقینا اولاد کا احسن عمل مرحوم والد کے درجات میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ علامہ قاری محمد تاج نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا تذکرہ بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو متحد ہو کر بھارت اور اسرائیل کو ظلم کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔ آخر میں قومی سلامتی اور مظلوم مسلمانوں کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
خدمت انسانیہ اور نیک اولاد صدقہ جاریہ ہیں : علامہ قاری تاج
Mar 28, 2024