اسلام آباد(خبرنگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے رمضان المبارک میں تلاوت قرآن کی فضیلت کو مد نظر رکھتے ہوئے تجوید القرآن کی کلاسز کا انعقاد کیا تھا، شعبہ قرآن و تفسیر کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کی زیر نگرانی کلاسز 2رمضان المبارک سے شروع ہوئیں جو جمعہ 17رمضان تک جاری رہیں گی۔ یونیورسٹی کے37ملازمین کو رجسٹرڈ کیا گیا تھا جن میں 22خواتین اور 15مرد ملازمین شامل ہیں۔تقسیم اسناد کی تقریب گذشتہ روز منعقد ہوئی جس کی صدارت کلیہ عربی و علومہ اسلامیہ، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی جبکہ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ فالو اپ، پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔میزبانی شعبہ قرآن و تفسیر کے چئیرمین، ڈاکٹر ثنا اللہ حسین نے کی، پروفیسر ڈاکٹر عامر شاہ نے کہا کہ قرآن اور رمضان کا آپس میں گہرا تعلق ہے، ہمیں رمضان کی قدر کرتے ہوئے روزہ کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن میں مصروف رہنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کا علم سیکھنا اور سکھانا بہترین عمل ہے،ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کہا کہ قرآن حکیم کی جانب لوگوں کو واپس لانے کی شعبہ قرآن و تفسیر کی یہ کاوش قابل تحسین ہے۔ ڈاکٹر ثنا اللہ نے کہا کہ تجویدالقرآن کلاسز میں اساتذہ نے قرآن مجید کی ادائیگی اور لہجے کی درستگی اور مخارج کو درست کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے۔انہوں نے بتایاکہ عام فہم انداز میں، جدید اور آسان اسباق کے ذریعے قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ سکھانے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اِن کلاسز میں اساتذہ نے 37ملازمین کو بنیادی دینی احکام سکھادئیے ہیں۔
قرآن اور رمضان کا آپس میں گہرا تعلق ہے، ڈاکٹر عامر شاہ
Mar 28, 2024