پاکستانی اداکار احسن خان نے کہا ہےکہ لوگوں کو ثناء اور شعیب کے بارے میں بالکل اندازہ نہیں تھا شاید اس لیے زیادہ جھٹکا لگا۔
حال ہی میں احسن خان نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جس میں میزبان نادیہ خان نے اداکار سے ثناء اور شعیب کی شادی کے حوالے سے سوال کیا جس کا احسن خان نے محتاط انداز میں جواب دیا۔میزبان نے پوچھا 'ثناء جاوید اور شعیب ملک کی شادی ہوئی، یہ کیسے ہوئی؟'جواب میں احسن مسکرائے اور کہا یہ کیسا سوال ہے، مجھے کیوں پتا ہوگا جس پر نادیہ خان نے اصرار کرتے ہوئے کہا ثناء تمہارے ساتھ ڈرامے میں اتنا عرصہ رہی، تم لوگوں نے کام کیا تو اس نے ضرور کوئی بات کی ہوگی۔اداکار نے کہا 'سچ پوچھیں تو مجھے بہت خوشی ہوئی کہ ثناء کی شادی ہوگئی، مطلب اگر وہ اپنے سابقہ ازدواجی رشتے میں خوش نہیں تھی تو طلاق لینا اور پھر دوسری شادی کرنا، میرے خیال میں ہمارے لیے یہ عام بات اس لیے ہونی چاہیے کہ یہ ان کا ذاتی انتخاب ہے'۔احسن خان نے کہا 'اللہ نے جسے جیسے ملوانا ہوتا ہے ملوا دیتا ہے، ہمارے ذہنوں میں ہوتا ہے کہ کوئی کس سے کیسے ملا ہوگا، قسمت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا'۔نادیہ خان کے ایک سوال پر انہوں نے مزید کہا 'ثناء سے میری اچھی دوستی ہے، اگر کبھی اس نے مجھ سے شعیب کے بارے میں بات کی بھی ہوگی تو میں یہاں اس کا تذکرہ نہیں کرنا چاہوں گا'۔احسن نے کہا 'مجھے لگتا ہے لوگوں نے اس خبر پر کچھ زیادہ ہی ردعمل دیا یا انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا اس لیے اس خبر سے انہیں جھٹکا لگا، تو کسی نے نکاح کرلیا اس سے بہتر کیا ہوسکتا ہے'۔واضح رہے کہ ثناء جاوید اور شعیب ملک نے جنوری 2024 میں سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرکے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا۔