تحریک انصاف کے سربراہ نے وزیراعظم کومخاطب کرکے کہا کہ اسی لوگوں کو برطانیہ کی سیر پر لے جانے والے یوسف رضا گیلانی سے سن لیں، برطانیہ میں ستر لاکھ کی شاپنگ کیخلاف تحریک انصاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی ۔ انہوں نے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کیخلاف بھی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کیا
جلسے سے تحریک پاکستان کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوہدری نثار کو چیلنج کرتے ہیں کہ پنڈی سے انکے خلاف الیکشن لڑیں۔ نون لیگ کے پاس ملک کو تباہ کرنے کا تجربہ ہے، جب ملک پر مصیبت آتی ہے تو شریف برادران ملک سے باہربھاگ جاتے ہیں یا پھرمریض بن جاتے ہیں۔
جلسے سے خطاب میں تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس ملک کو بچانا ہے تو اسلام آباد کے اس حاکم کو بھگانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شکاگو کانفرنس میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر تک نہیں کیا گیا، حکمران بتائیں کہ شکاگو کانفرنس سے کیا لیکر آئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوم کو زرداری کی دوسری باری منظور نہیں، عوام اب اس بیماری سے نجات چاہتے ہیں۔