اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 4حلقوں میں دھاندلی ثابت ہوئی تو مسلم لیگ ن کی حکومت نالہ لئی سے دفن ہو جائے گی، پاکستان میں جمہوریت نہیں خاندانی بزنس گروپ قابض ہے، حکومت نے کمیشن خوروں کا جمعہ بازار لگا دیا ہے۔ ایل این جی معاہدہ میں کرپشن کے خلاف عدالت جاؤں گا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا عوامی مسلم لیگ غریبوں اور مزدوروں کی ترجمانی کر رہی ہے۔ دیہاڑی دار اور غریب کی آواز پارلیمنٹ تک پہنچاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کی عید سے پہلے حکومت کی قربانی کی بھی باتیں چل رہی ہیں۔ عید سے پہلے قربانی ہو گی اور کھال شوکت خانم ہسپتال میں جائے گی ابھی چھری کی خریداری ہو رہی ہے اور فیصلہ ہو رہا ہے کہ چھری کس سائز کی تیار کی جائے۔ حکومت نے چار حلقوں کی تصدیق نہ کرائی تو حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع ہو جائیگا۔ حکومت نے چار حلقوں میں تصدیق کرائی تو دھاندلی ثابت ہو جائے گی۔ ایک حلقے میں دھاندلی ثابت ہوئی تو مسلم لیگ ن کی حکومت نالہ لئی سے پار چلی جائے گی اور پارلیمنٹ میں حکومت کا کردار بھی مشکوک ہو جائیگا۔ الیکشن میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے رانا ثناء اللہ کا رابطہ جاری رہتا تھا جس کے ثبوت قوم کو دکھاؤں گا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت اقتدارکی بھوکی ہے تین دفعہ وزارت عظمیٰ ملنے کے بعد بھی قوم کو کچھ نہیں دیا۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس ملک میں تھوڑی تعداد میں سکھ قوم پارلیمنٹ کے ڈائس پر قبضہ کر سکتی ہے تو وہاں حکومت نام کی چیز کہاں باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ حکومت کے خلاف لانگ ٹرین مارچ شروع کریگی۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کیخلاف قوم کو آگاہ کروں گا۔ حکومت کے قطرسے ایل این جی معاہدہ میں اربوں کی کرپشن پر عدالت جاؤں گا اور قوم کو حقائق دکھاؤں گا۔