لاہور (نامہ نگار) بھاٹی گیٹ کے علاقہ میں طلاق دلانے کی رنجش پر خاتون نے اپنے بھائیوں سے ملکر سابق نند کوگھر میں گھس کر دیوار سے سر پٹخ کر قتل کردیا۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بھاٹی گیٹ کے علاقہ فیصل روڈ کے رہائشی نصیر نے بدچلنی کے شبہ پر اپنی بیوی ثمینہ کو طلاق دیدی تھی۔ ثمینہ کو شبہ تھا کہ اسے اسکے خاوند نے اپنی بہن زرینہ کے کہنے پر اسے طلاق دی ہے۔ اس رنجش پر ثمینہ نے گزشتہ روز اپنے بھائی اعجاز عرف جج اور چار مسلح ساتھیوں کے ہمراہ زرینہ کے گھر دھاوا بول دیا اور زرینہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسکا سر دیوار سے سر پٹخ کرقتل کرا دیا۔ اطلاع ملتے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے ایک ملزم اعجاز عرف جج کوگرفتار کرلیا جبکہ باقی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ڈاکٹروں کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق زرینہ بی بی دل اور سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہوئی۔