٭… 15منٹ کی ون ٹو ون ملاقات ہوئی
٭… آپ ’’مین آف پیس‘‘ہیں: مودی کی نوازشریف سے گفتگو
٭… ہوٹل کے باہر مسلمان نوجوان کے نعرے
نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف کی بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کیلئے ہوٹل سے حیدر آباد ہائوس روانگی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے جبکہ ہوٹل کے باہر مسلمان نوجوان وزیراعظم نوازشریف کے حق میں نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نوازشریف کا بڑی گرمجوشی سے استقبال کیا اور کافی دیر تک مسکراہٹ کے ساتھ مصافحہ کیا۔ وفود کی سطح کے مذاکرات کے علاوہ ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی جو پندرہ منٹ تک جاری رہی۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ میاں صاحب آپ بھارتی عوام کیلئے مثبت پیغام اور ہماری نظروں میں آپ مین آف پیس ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف ایک گھنٹہ تک حیدر آباد ہائوس رہے۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران سورالات لینے سے گریز کیا۔ انہوں نے اپنا بیان پڑھا اور اس کی تکمیل پر جب صحافیوں نے سوالات کرنے کی کوشش کی تو نوازشریف کسی قسم کا جواب دئیے بغیر آگے بڑھ گئے۔ ملاقات 50منٹ تک جاری رہی۔ بھارتی میڈیا میں دونوں رہنمائوں کی ملاقات کو نئی شروعات اور مثبت آغاز قرار دیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف کی اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس 2گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہو گئی جس پر انہوں نے صحافیوں سے معذرت کی۔ ملاقات میں وزیراعظم محمد نوازشریف کے ہمراہ وزیراعظم کے مشیر برائے نیشنل سکیورٹی سرتاج عزیز، طارق فاطمی، حسین نواز اور سیکرٹری ٹی پی ایم جاوید اسلم موجود تھے۔