نئی دہلی (اے این این) وزیر اعظم نواز شریف کا نئی دہلی کی جامع مسجد کا دورہ ٗجامع مسجد کے امام بخاری نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا ٗ وزیراعظم کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسین نواز اور بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر بھی تھے ٗ سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے دورے پر موجود وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز نئی دہلی کی تاریخی جامع مسجد کا دورہ کیا ۔ جامع مسجد پہنچنے پر امام سید احمد بخاری نے وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا ۔ وزیر اعظم اس موقع پر شلوار قمیض اور واسکٹ میں ملبوس تھے۔ وزیراعظم نے جامع مسجد میں تقریبا20 منٹ کا وقت گزارا اور مسجد کے مختلف حصے بھی دیکھے، وزیر اعظم نے وہاں اپنے استقبال کو آئے لوگوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا ۔ امام احمد بخاری نے جامع مسجد کی تاریخی حیثیت اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی مسجد سے مذہبی عقیدت اور اس کے مرکزی کردار سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کچھ دیر مسجد میں رہے ، انہوں نے عہد رفتہ کے کاریگروں کے جمالیاتی ذوق اور مسجد کی عظیم الشان تعمیر کی تعریف بھی کی ۔ مسجد کے مختصر دورے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے لال قلعہ کا دورہ بھی کیا اور انھوں نے لال قلعہ کے مختلف حصے بھی دیکھے۔