نئی دہلی (این این آئی+ آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی صدر پرناب مکھرجی اور سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے الگ الگ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کے بعد نئی دہلی میں بھارتی صدر پرناب مکھرجی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط بھی موجود تھے۔ بعدازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سابق وزیراعظم سے خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ پاکستان بھار ت کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ میں 1999ء کی سطح پر تعلقات کی بحالی کا ارادہ رکھتا ہوں۔ دونوں رہنمائوں نے دورہ لاہور کی یادیں تازہ کیں۔