کوئٹہ : فائرنگ سے ہزارہ برادری کے 2 افراد جاں بحق: بنوں ، خضدار میں 2 دہشت گرد ہلاک

May 28, 2015

کوئٹہ + بنوں + شب قدر (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بنوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ خضدار میں لیویز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، فائرنگ کے تبادلہ میں 3 زخمیوں سمیت 8 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اسلحہ و بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔ ٹانک کے علاقے شیخ اتار میں دستی بم کے دھماکے میں 7 بچے زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایف سی نے لسبیلہ میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ شب قدر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تحریک انصاف کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقہ جانی خیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر شب قدر میں نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے سرگرم کارکن مسلم خان جاں بحق ہوگئے، مقتول حال ہی میں سرکاری ملازمت سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ میاں عیسیٰ میں چار نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں نے پی ٹی آئی کے کارکن مسلم خان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ مقتول ریٹائرمنٹ کے بعد پرائیوٹ کلینک چلا رہا تھا۔ ادھر ایف سی نے لسبیلہ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ادھر گزشتہ روز ٹانک کے مشرق میں واقع گائوں شیخ اُتار میں ایک پانی کی خوڑ میں بچے معمول کے مطابق کھیل رہے تھے جہاں انہیں ایک دستی بم نظر آیا۔ بچے ملنے والے دستی بم کو کھلونا سمجھ کر اس سے کھیل رہے تھے کہ اچانک زور دار دھما کے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر موقع پر موجود سات بچے شدید زخمی ہوگئے۔ ادھر اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے دو دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، گرفتار ملزمان میں سے ایک دہشت گرد جبکہ دوسرا سہولت کار ہے۔ گرفتار دہشت گرد اسلام آباد سے معلومات اکٹھی کر کے آگے دہشت گردوں تک پہنچاتے تھے۔ دہشت گردوں سے اسلحہ برآمد کر کے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ادھر مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی گونگٹ جوڑ میں بارودی سرنگ کے 2 دھماکوں میں صوبیدار سمیت 11 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو پشاور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ ادھر کوئٹہ میں فائرنگ سے ہزارہ برادری کے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان، عزاداری کونسل پاکستان، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، مجلس وحدت المسلمین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے بارونق علاقے میکانگی روڈ پر نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے2افرادمحمد عارف ہزارہ اور محمد حسین ہزارہ کو موقع پر ہی ہلاک جبکہ ایک شخص محمد عیسیٰ ہزارہ کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ دکانیں بند کرکے چلے گئے۔ ادھر تحصیل تمبو کے علاقے میں مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بناء پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ ادھر بیلہ میں ایف سی کی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں فرنٹیر کور اور پولیس کے عملے نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 69 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ، 3 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے افغان باشندوں سمیت 54 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

مزیدخبریں