پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا: سرتاج عزیز

May 28, 2015

اسلام آباد+ کویت سٹی(سٹاف رپورٹر + اے ایف پی) خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔کویت میں جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کی عوام کی خواہشات کے مطابق کرنے کی ضرورت ہے۔ رابطہ گروپ کے اجلاس کی صدارت او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے جموں و کشمیر  عبدالرحمن عبداللہ عالم  نے کی۔اجلاس میں ترکی ،سعودی عرب، آذربائجان، اور  نائیجیریا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر آزاد کشمیر اور حریت رہنماء غلام محمد صفی کشمیری نمائندوں کی حیثیت سے اجلاس میں شریک تھے۔ عبدالرحمن  عالم نے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی  حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا اور بھارت سے کہا کہ وہ کشمیریوں  کے بنیادی حقوق کا  احترام کرے۔ اجلاس سے سعودی نمائندے نائیجریا کے وزیر خارجہ صدر آزاد کشمیر اور غلام محمد صفی نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق خوارادیت  کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دریں اثناء امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح نے کہا ہے کہ مسلم ممالک انتہا پسندی کیخلاف لڑنے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے خاص طور پر یہ بات داعش جہادی تنظیموں کے حوالے سے کہی۔ او آئی سی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے شروع کی گئی دہشت گردی سے لڑائی تیز کردینی چاہئے۔ کانفرنس میں ایران، ترکی اور سعودی عرب بھی شریک ہوئے۔
امیر کویت

مزیدخبریں