چارسدہ (نامہ نگار) اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ اگر خیبر پی کے اور بلوچستان کے پختونوں کو کاشغر گوادر راہداری منصوبہ میں مناسب حصہ نہ ملا تو اس منصوبے کو کالاباغ ڈیم کی طرح دفن کردینگے۔ مسلم لیگ نے میرے باپ داد کی طرح مجھے بھی پختونوں کے حقوق مانگنے پر غدار کہا۔ اگر پختونوں کے حقوق غداری ہے تو ہزار بار غدار بننے کیلئے تیار ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے چارسدہ سپورٹس سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشغر سے گوادر تک منصوبہ زرداری دور حکومت میں تشکیل دیا گیا تھا جو ڈی آئی خان اور ژوب سے ہوتا ہوا گوادر تک جاتا تھا لیکن میاں براداران نے لاہور کو شامل کر نے کیلئے 450 کلومیٹر فاصلے کو بڑھایا۔ انہوںنے کہاکہ آج پھر ا ے پی سی طلب کی گئی ہے جس میں ہم اپنا موقف ایک دفعہ پھر واضح کرکے پیش کرینگے اور اگر ہمارا حق تسلیم نہ کیا گیا تو تمام پختون قوم اسکے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے۔ احساس محرومی حد سے بڑھ چکی ہے۔ اگر اسکا مدوا نہ کیا گیا تو ملک کی ترقی کو خطرہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم چین کے صدر کی امداد اور منصوبے کے ممنون ہیں تاہم اس منصوبے میں تبدیلی ہرگز قبول نہیں ہے۔ اگر اس منصوبے سے پختونوں کو محروم رکھا گیا تو پختون قوم ایک مرتبہ پھر اسکے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ 30 مئی کے الیکشن کے نتائج اسی رات قبول کریں گے۔ 10 روز بعد ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
اسنفد یار
راہداری منصوبہ میں حصہ نہ ملا تو اسے کالاباغ ڈیم کی طرح دفن کردینگے: اسفند یار
May 28, 2015