اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے صوبہ خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی خبر وں کا نوٹس لیتے ہوئے کے پی کے حکومت سے وضاحت طلب کر لی اور کہا ہے کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا آئین اور اسلام دونوں کے منافی ہے۔ آر اوز بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی شرکت کی مکمل مانیٹرنگ کریں اور کمشن کو صورتحال سے آگاہ رکھیں۔ کمشن کے اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمشن کے حکام نے اس حوالے سے میڈیا رپورٹس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اور مردوں کے بنیادی حقوق برابر ہیں۔ ووٹ ایک بنیادی انسانی حق ہے۔ کمشن نے خیبر پی کے حکومت ‘ ڈی آر اوز اور آر اوز کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے تمام ایشوز پر نظر رکھیں ۔ خیبر پی کے حکو مت کو کہا گیا ہے کہ خواتین کو ووٹ سے محروم رکھنے بارے تحریری ‘ زبانی معاہدوں ‘ اعلانات اور تقاریر کو روکا جائے۔ صوبائی حکومت اس حوالے سے تمام انتظامات سے کمشن کو آگاہ کرے۔ الیکشن کمشن نے خیبر پی کے حکومت کے نام مراسلہ میں کہا ہے کہ خواتین کو ووٹ سے روکنا غیرآئینی اور قابل تعزیر جرم ہے۔ خواتین کو ووٹ دینے سے روکنے کی شکایت ملی تو فوری ایکشن ہو گا۔ کوئی تحریری یا زبانی شکایت ہو تو ڈی آر اوز فوری آگاہ کریں۔
بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو ووٹ سے روکنا قابل تعزیر جرم ہے: الیکشن کمشن
May 28, 2015