یوم تکبیر آج منایا جائیگا: ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا: نواز شریف

May 28, 2015

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں (آج) جمعرات کو 17واں یوم تکبیر جوش و جذبے اور ملی جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جن سے خطاب کے دوران مقررین ایٹمی دھماکوں کے تناظر میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ذوالفقار علی بھٹو اور وزیراعظم میاں نواز شریف کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ یوم تکبیر کے سلسلے کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوگی جبکہ لاہور میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام دوپہر بارہ بجے ایوان اقبال میں یوم تکبیر کی تقریب منعقد ہوگی جس میں رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز مہمان خصوصی ہوں گے۔ تقریب سے مسلم لیگ ن کے عہدیداران و ممبران اسمبلی خطاب کریں گے جبکہ لاہور کی تمام یونین کونسلوں سے مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ چیئرمین، وائس چیئرمین یونین کونسلز اور کارکن شرکت کریں گے۔ پاکستان کو دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنے آج 17برس مکمل ہوگئے۔ ملک بھر کے تمام شہروں میں مسلم لیگی کارکن ایٹمی قوت بننے کے حوالے سے سالگرہ کے کیک کاٹیں گے اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی جبکہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ علاو ازیں وزیراعظم نواز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے ایک الگ پیغام میں کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا، معاشی ترقی کے دھماکے کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو حاصل ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میںکہا کہ دفاع مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے بھی مضبوط بنانا ہوگا۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ اسی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور مادر وطن کو دہشتگردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لئے پاک فوج کے افسر اور جوان اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں تاکہ ہمارا حال اور نئی نسل کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہیوم تکبیر درحقیقت پاکستانی قوم اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے یوم افتخار ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دُنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا تھا۔ لہٰذا ہمیں یہ دن پاکستان کی وحدت اور سلامتی کے عہد کی تجدید کرتے ہوئے پورے جوش و جذبے سے منانا چاہیے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے یوم تکبیر پر پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 28مئی1998ء کو تمام تر دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے ایک ایسا تاریخی کارنامہ سرانجام دیا جس نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ۔پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جرأتمندانہ اور دلیرانہ فیصلوں سے پاکستان کا دفاع ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا اور اب یہی پارٹی ملک کومعاشی قوت بھی بنائے گی۔ بلا شبہ 28مئی پاکستان کی سیاسی اوردفاعی تاریخ کا ایک انتہائی اہم ترین دن ہے۔ تاریخی اہمیت کا یہ دن پوری قوم کیلئے باعث مسرت و افتخار ہے۔ اس روز اسلامی دنیا کے اہم ملک پاکستان نے ہر قسم کے دبائو کو نظر انداز کر کے اپنی سلامتی اوربقاء کے تاریخ ساز فیصلے کو عملی جامہ پہنایااورایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ اب کوئی وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ 28مئی قومی امنگوں کا ترجمان اور ملی یکجہتی کا دن ہے۔

مزیدخبریں