لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مناواں دہشت گردی حملہ کیس کے مرکزی مجرم ہجرت اللہ کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ہجرت اللہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ہجرت اللہ کو وقوعہ کی جگہ سے گزرنے پر بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے گرفتار کر لیا جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے حقیقی گواہوں اور ثبوتوں کی عدم موجودگی کے باوجود دس سال کی سزا سنا دی لٰہذا عدالت ٹرائل کورٹ کی سزا کو کالعدم قرار دے۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ہجرت اللہ کو مناواں کے مقام پر دہشت گردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ دہشت گردی کے اس واقعہ میں درجنوں پولیس اہلکار زخمی اور کئی اہلکار شہید ہوئے۔ جس پر عدالت نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے مجرم کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔