واشنگٹن (اے ایف پی+ رائٹرز) عراق کے شہر فلوجہ میں امریکی سربراہی میں اتحادی افواج کی زمینی اور فضائی حملوں میں کمانڈر سمیت داعش کے 70 جنگجو مارے گئے۔ بغداد میں موجود کرنل سٹیووارن نے کہا کہ فلوجہ شہر میں گزشتہ 4 دنوں کے دوران 20 حملے کئے گئے جن میں داعش کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے۔ وارن نے کہا داعش کے فلوجہ کے کمانڈر ماہر البلاوی بھی مارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اگرچہ دشمن کی لڑائی کی طاقت مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی تاہم اسے بڑا دھچکا لگا ہے۔ عراقی فورسز نے اس ہفتے کے آغاز میں داعش کے زیرقبضہ شہر فلوجہ میں آپریشن شروع کیا تھا۔ 500 سے 1000 داعش کے جنگجوؤں نے 50 ہزار کے قریب شہریوں کو شہر کے اندر محصور کر رکھا ہے۔ رائٹرز کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ تنظیم ’’بدر‘‘ کے رہنما ہادی الامیری نے کہا پیر کے روز شروع ہونے والے حملے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق بغداد سے 50 کلومیٹر دور واقع فلوجہ کا کنٹرول اب ہفتوں نہیں دنوں میں داعش سے واپس لے لیا جائے گا۔ فلوجہ پہلا شہر تھا جس پر داعش نے جنوری 2014ء میں کنٹرول حاصل کیا تھا۔ یو این ایجنسی کے مطابق شہر میں بھاگنے سے روکے گئے 50 ہزار افراد میں سے بعض قحط اور بھوک کی وجہ سے مر رہے ہیں۔