کراچی پورٹ ٹرسٹ، بغیر این او سی سیکرٹری‘ چیئرمین‘ صدر یونین کے عزیزوں کیلئے کنفرمیشن لیٹرز

اسلام آباد (مسعود ماجد سید/ خبر نگار) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے این او سی نہ دینے کے باوجود وزارت پورٹس اینڈ شپنگ کے ذیلی ادارہ کراچی پورٹ ٹرسٹ میں 100 سے قریب بھرتیوں کا عمل جاری ہو گیا۔ کئی اہم کنفرمیشن لیٹرز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں جن میں سیکرٹری کے پی ٹی کے صاحبزادے‘ چیئرمین کے پی ٹی کے بھتیجے اور کے پی پی یونین کے صدر کی عزیزہ کے کنفرمیشن لیٹرز شامل ہیں۔ مصدقہ معلومات اور دستاویزات (جو نوائے وقت کے پاس موجودہیں) کے مطابق سیکرٹری کے پی ٹی کموڈور (ر) سید تاج ترمذی کے صاحبزادے سید محمد عباس ترمذی کو 2 مارچ 2017ء سے گریڈ 17 میں اسسٹنٹ منیجر سٹورز (سٹورز ڈیپارٹمنٹ) لگایا گیاہے۔ انکا کنفرمیشن لیٹر نمبر no.st/est/1129/2017/1970 تاریخ اجزاء 11 اپریل 2017ء ہے۔ اسی طرح چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمرل (ر) شفقت جاوید کے بھانجے احمد جمشید ولد محمد جمشید اختر کو گریڈ 17 میں ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں 2 مارچ 2017ء سے اسسٹنٹ منیجر (ایچ آر) پی نمبر 1302-3 کنفرم کیا گیا ہے اور تیسرا اہم لیٹر کے پی ٹی یونین کے صدر کی عزیزہ نوشین زیب ولد جہانزیب شاہ کو 2 مارچ 2017ء سے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 17 میں اسسٹنٹ اسٹیٹ منیجر کنفرم کر دیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ وزیراعظم نے 22 اکتوبر 2014ء کو ریکروٹمنٹ پالیسی جاری کی۔ کے پی ٹی نے اپنے آپ کو آزاد ادارہ ظاہرکرکے بھرتیوں سے استثنیٰ حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن‘ وزارت قانون و انصاف نے حتیٰ کہ خود وزیراعظم آفس نے بھی ایسا نہ کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم کے پی ٹی حکام کے مطابق نے رولز 2011ء کی شق 22 کے پی ٹی ایکٹ 186 کے تحت بھرتی ہونے والوں کو کنفرمیشن لیٹرز جاری کرنے شروع کر دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن