گوجر خان، لاہور (آن لائن+ نامہ نگاروں سے)گوجر خان میں گھریلو حالات سے تنگ ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری نے پھندا لیکر کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق 54 سالہ ذوالفقار قریشی کی نعش ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔ متوفی کی اہلیہ صنم صفدر نے پولیس کو مطلع کیا کہ وہ جھگڑے کے بعد چار دن قبل گھر چھوڑ کر گئی تھیں اور تب سے انکے شوہر انکی کوئی فون کال ریسیو نہیں کررہے ہیں جس کے بعد پولیس صنم صفدر اور انکے والد اور بھائیوں کے ہمراہ ذوالفقار قریشی کے گھر پہنچی تو دروازہ توڑ کر بیڈروم میں داخل ہونے پر پولیس نے متوفی کی نعش پنکھے سے لٹکتی پائی۔ پولیس کے مطابق نعش چار دن پرانی معلوم ہوتی ہے۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ خودکشی کرنے والے شخص نے دروازے پر ہاتھ سے لکھا ایک نوٹ چسپاں کیا تھا، جس میں تحریر تھا کہ وہ اپنی بیوی اور اسکے اہل خانہ کی لعن طعن سے تنگ آکر خودکشی کررہے ہیں.واضح رہے ذوالفقار قریشی برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مقیم تھے اور چند سال قبل ہی صنم صفدر سے شادی کی تھی، تاہم انکے تعلقات کشیدگی کا شکار تھے۔ مزید برآں دیگر واقعات میں کنجوانی کے نواحی گائوں ٹھٹھہ بھروانہ میں لبنیٰ نے ماں کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہوکر پھندا لے لیا۔نارووال میں نوجوان ستار نے گھریلو حالات سے تنگ آکر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں ۔
گوجر خان: حالات سے تنگ پاکستانی نژاد برطانوی شہری نے پھندا لیکر خودکشی کرلی
May 28, 2017