کراچی (این این آئی)گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ وزیر اعظم رمضان کے بعد کراچی آئیں گے۔ جہاں وہ کراچی کے لئے سپیشل پیکج کا اعلان کریں گے۔نارتھ کراچی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر تاجروں سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اسحاق ڈار سے خصوصی طور پر کراچی کے پیکج کے حوالے سے بات کی تھی۔ جس کا انہوں نے حوصلہ افزا جواب دیا۔ کراچی کی ترقی کے لئے وزیراعظم سے بات کی جس پر وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ہم کراچی کے لئے جو بھی کریں اسے پاکستان کے حوالے سے دیکھا جائے کیونکہ کراچی اپنے قائدانہ کردار سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں تو پھر کچھ ازالہ ہوگا مگر اس کام میں برسوں لگیں گے۔انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کی میٹرو بس کا مذاق اڑانے والے کراچی میں ٹرانسپورٹ کی حالت دیکھیں جہاں عوام بسوں کی چھتوں پر سفر کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جاری گرین لائن پراجیکٹ دسمبر میں مکمل ہوجائیگا۔