مقبوضہ کشمیر میں 12 نوجوانوں کی شہادت بھارتی درندگی کی انتہا ہے: سراج الحق

May 28, 2017

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مجاہد اور کمانڈر برہان وانی شہید کے جانشین سبزار احمد بٹ سمیت 12 نوجوانوں کو شہید کردینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی قابض فوج کے مظالم میں آئے روز اضافہ ہوتا جارہاہے اور بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو چن چن کر قتل کر رہی ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔گیارہ نوجوانوں کا قتل درندگی کی انتہا ہے۔ اس موقع پر بھی حکومت پاکستان کی خاموشی انتہائی مجرمانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے ،کم ہے ۔ حکومت نے کشمیریوں کو اکیلا چھوڑدیا اور حکومت کی طرف سے بین الاقوامی فورم پر بھارت کی اس ریاستی دہشتگردی پر کہیں آواز نہیں اٹھائی جارہی ۔ بھارت اپنے جاسوس کلبھوشن کو بچانے کے لیے عالمی عدالت میں چلا گیا جبکہ کشمیریوں کے قتل عام پر بھی اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ بھارت فسطائی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دباناچاہتاہے مگر کشمیری قوم آزادی کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ۔ پاکستانی حکمرانوں کو کشمیر یوں کے خون سے زیادہ مودی کی دوستی زیادہ پیاری ہے اور وہ مودی کے اس ظلم و جبر پر بھی زبان کھولنے کو تیار نہیں ۔ دریں اثنا سراج الحق نے قوم کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ رمضان کا اصل مقصد خوف خدا اور خدمت خلق کے ذریعے تقویٰ کا حصول ہے اس لیے لازم ہے کہ ہم نیکیوں کے اس موسم بہار میں تنگ دستوں اور بیوائوں ، یتیموں ، مسکینوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقہ کی جی بھر کر خدمت اور دل کھول کر مدد کریں ۔ ملک سے کرپشن ، بددیانتی ، ظلم و جبر کا خاتمہ اور ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ عین دینی فریضہ ہے ۔

مزیدخبریں