واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی نہیں بلکہ ان کے داماد جیرڈ کشنر بھی روس سے خفیہ رابطوں کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق جیرڈ کشنر نے روس کو خفیہ اور محفوظ لائن بچھانے کی پیش کش کی تھی۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر روس سے خفیہ رابطوں کیلئے باقاعدہ رابطہ مواصلاتی لائن بچھانا چاہتے تھے۔انہوں نے روس کو ایک خفیہ اور ایسی محفوظ لائن بچھانے کی پیش کش کی تھی، جسے کوئی اور سن نہ سکے۔ امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر نے یہ تجاویز یکم دسمبر کو ٹرمپ ٹاور میں ہونے والے ایک اجلاس میں دی تھیں۔اس اجلاس میں مائیکل فلن بھی موجود تھے، جو بعد میں نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر بنے۔ روسی سفیر سرگئی کسلیاک خفیہ رابطوں کی تجویز سن کر حیران رہ گئے تھے۔ روسی سفیر نے یہ تجویز روسی حکام کو پیش کردی تھی۔