اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد آج (پیر کو) دوبارہ شروع ہو گا،31 مئی2018 ء کو قومی اسمبلی کا آخری اجلاس ہو گا31 مئی2018 ء کی شب12بجے قومی اسمبلی خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔ الوداعی تقاریر کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اہم قراردادیں منظور کی جائیں گی پانچ سالہ دوسرے جمہوری دور کی تکمیل پر اظہار تشکر کی قرارداد بھی آئے گی جس میں آئین کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور اداروں کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی پاکستان، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کے رہنما الوداعی تقاریر میں جمہوریت کے استحکام اور صاف شفاف انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے تجاویز پیش کریں گے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہو گا۔ اجلاس کے لئے 9 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیاگیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس