لاہور، کراچی (خصوصی نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) شیر خدا امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت سوموار کے روز ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم علی رضی علی عنہ کی مناسبت سے جلوس، سینیمارز، کانفرنسیں ہوئیں جبکہ مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی شخصیت اور کردار کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور میں اندرون شہر مبارک حویلی موچی دروازہ سے جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں اندرونی موچی ، چوہٹہ مفتی باقر، کشمیری بازار، پانی والا تالاب ، کنک منڈی، شاہی محلہ، اندرن بھائی ، تحصیل بازار، بازار حکیماں، اندرون بھاٹی گیٹ سے گزرتا نماز مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پر پہنچ کر ختم ہوا۔ کرشن نگر، بی بی پاکدامن اور کئی مقامات پر جلوس برآمد ہوئے۔ کراچی پولیس نے لائنز ایریا میں آپریشن کرکے خودکش جیکٹ برآمد کرلی۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا ہے کہ خودکش جیکٹ یوم علی کے جلوس کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کی جانی تھی۔ خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے وزن 6 کلو ہے۔ بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔