پی ٹی اے کا اسرائیلی و امریکی فرم سے معاہدہ فوری روکا جائے : پروفیسر ڈاکٹرشاہدہ وزارت

کراچی ( نیوزرپورٹر) ممتاز ماہر معاشیات اور پاسبان اکنامک افیئرز ڈویژن کی وائس چیئرمین پروفیسرڈاکٹر شاہدہ وزارت نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی اور اسرائیل سے تعلق رکھے الی ایک امریکی فرم کے درمیان ہونے والا معاہدہ درحقیقت ملکی سالمیت کے خلاف ہے اوریہ حساس قومی معاملات کے راز افشاء ہونے کے شدید خطرہ کا باعث بنے گا ۔ حکومت اور ادارے بروقت اس معاملے کا نوٹس لے کر اس معاہدے کوفی الفور روک دیں اور اپنے فرض کی ادائیگی کے لئے حرکت میں آجائیں ۔ بھارت ،امریکہ اور اسرائیل جیسی بڑی طاقتیں ہمارے راز حاصل کرکےچند منٹ میں ہمارے حالات تہس نہس کرسکتی ہیں ۔ وقت گزر نے کے بعد لکیر پیٹنے کا فائدہ نہیں ہوگا ۔حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق 5ملین ڈالرزکی رقم حکومت نے اس فرم کو ادا بھی کردی ہے، وہ فی الفور واپس لی جائے ۔ ماضی کی روایات کے مطابق معاہدہ ہوجانے کے بعد ہوش میں آکر معاہدہ منسوخ کیا گیا تو حکومت کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا اور خراب معاشی حالات میں ہم کسی بھاری جرمانے کی رقم کی ادائیگی کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ وزارت نے کہا کہ پی ٹی اے سے اسرائیلی نژاد امریکی فرم کے معاہدہ پر پوری قوم اور محب وطن حلقوں میں شدید تشویش کی لہردوڑ گئی ہے ۔بڑی طاقتوں نے عراق ،افغانستان ،شام اور لیبا کو جس تباہی سے دوچار کیا ہے وہ پاکستان کو بھی انہی حالات سے تباہی کے دہانے پر پہنچانا چاہتی ہیں ۔ یہ معاہدہ ملکی سیکوریٹی کے لئے شدید خطرہ کا باعث ہے ۔ اس سے پہلے کہ معاہدہ کی بات آگے بڑھے حکومت اور اداروں کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اسے روک دینا چاہئے ۔ پروفیسرڈاکٹر شاہدہ وزارت نے سیاسی اور جمہوری قوتوں اور ادارواں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے اہم ،حساس اور سلامتی کو یقینی بنانے کے معاملات پر اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک پیچ پر جمع ہوں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک سلامت ہے تو ہم سلامت اور سکون سے ہیں اور ہماری سیاست بھی چلے گی ، ورنہ نہیں۔ ملک کی بہتری کے لئے سب اپنے فرض اور کردار کو ادا کریں ۔

ای پیپر دی نیشن