کراچی(این این آئی)ضمیر الحسن ٹرسٹ کی جانب سے شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کے دوران مولانا رضا حیدر نے کہا کہ مسلم حکمران سیرت علی ابن ابو طالب اور آپ کی طرز حکمرانی کی پیروی کریں تاکہ اسلام کا پرچم سربلند اور مسلمانوں کا کھویا ہوا وقار بحال ہوسکے،کیونکہ آج مسلمان جس کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہمیں اہل بیت رسولﷺ کے در سے وابستگی اختیار کرنا ہوگی ۔مجلس سے قبل سوز خوانی و سلام پیش کیا گیا اور بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی ماتمی جلوس نکالا گیا جو محفل شاہ خراسان ،نوائے وقت چورنگی،پیپلز سیکٹریٹ ،نیو پریڈی اسٹریٹ ،صدر ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔جبکہ نماز ظہرین مزار قائد کے VIPگیٹ پر ادا کی گئی۔