ایک چاقو بردار حملہ آور نے اسکول کی ایک 12 سالہ طالبہ، ایک آدمی کو قتل جبکہ ایک درجن سے زائد افراد کو چاقو مار کر زخمی کردیا اور اس کے بعد اپنے آپ کو بھی چاقو مار کر خودکشی کرلی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چاقو سے حملے کا یہ واقعہ جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو کے جنوبی علاقے کاواساکی میں پیش آیا اور ابتدائی طور پر ملزم کے مقصد کا علم نہیں ہوسکا۔خیال رہے کہ جاپان دنیا کے ان چند ترقی یافتہ اور پر امن ممالک میں سے ایک ہے جہاں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے۔نپون میڈیکل اسکول کے ڈپٹی ڈائریکٹر کیوشی متسودا نے صحافیوں کو بتایا کہ 12 سالہ طالبہ اور 39 سالہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور 50 سال سے زائد عمر کا تھا، جس نے خود کو بھی چاقو مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، ایمرجنسی سروسز کے مطابق اس حملے میں کم از کم 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔اس غیرمعمولی واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے جاپان کے وزیراعظم نے کہا کہ یہ نہایت ہولناک کیس ہے اور مجھے سخت غصہ ہے، میں متاثرین کے لواحقین سے تعزیت اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے پر امید ہوں۔