امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات کے بعد اب سوشل میڈیا سے بھی محاذ آرائی پر اتر آئے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈيا بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ریپبلکن (ٹرمپ کی پارٹی کے لوگ) محسوس کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم قدامت پسندوں کی آوازوں کو مکمل طور پر خاموش کردے گا، تو ایسا ہونے سے پہلے ہی ہم انہيں یا تو قاعدے میں لائيں گے یا پھر انہيں بند کردیں گے اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2016 کے الیکشن میں بھی انہوں(سوشل میڈیا) نے اس طرح کی کوشش کی تھی لیکن ناکام ہوئے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹوئٹر نے امریکی صدر کے 2 ٹوئٹس کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر جھوٹے دعوے کرنے کا الزام لگایا ہے۔گذشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے پوسٹل بیلٹ یعنی ڈاک کے ذریعے انتخابات پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹس کی تھیں جن میں ان کا کہنا تھا کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ دھوکے سے کم نہیں، میل باکس لوٹ لیے جائیں گے، ووٹ جعلی ہوں گے اور غیر قانونی طور پر پرنٹ ہوں گے اور دھوکہ دہی سے دستخط کیے جائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈيا بند کرنے کی دھمکی دے دی
May 28, 2020 | 09:39