مکہ مکرمہ(ممتاز احمد بڈانی) مسجد الحرام میں مقررہ ضوابط کے مطابق جمعہ اور فرض نمازیں جماعت سے ادا کرنے کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔ایسا کوئی بھی کام جس میں سماجی فاصلے کی شرط پوری نہ ہوسکتی ہو اس پر پابندی برقرار رہے گی۔ بیوٹی پارلرز،فٹنس سینٹرز،باربر شاپس ،ہیلتھ اینڈ سپورٹس کلبز، تفریحی مراکز، سینما گھر اور ایسے تمام کام جنہیں متعلقہ حکام منع کررہے ہوں پر پابندی رہے گی۔ سعودی عرب میں 31 مئی سے تمام مساجد جمعہ اور پنجگانہ باجماعت نمازوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔ سعودی وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسر کے مطابق مملکت میں صحت کے شعبے سے متعلق حکام کی سفارشات کی بنیاد پر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 31 مئی سے 20 جون تک جن امور پر عمل ہوگا ان میں مکہ کے علاوہ مملکت کے تمام علاقوں میں کرفیو میں نرمی کے اوقات صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہوں گے۔ مکہ مکرمہ کی مساجد کے علاوہ ملک کی تمام مساجد میں احتیاطی و حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز جمعہ اور پانچوں وقت با جماعت نماز کی ادائیگی شروع ہو جائے گی جب کہ مسجد حرام میں طبی اور احتیاطی اقدامات کے مطابق نماز جمعہ اور با جماعت نماز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزارتی دفاتر، حکومتی اتھارٹیز اور نجی سیکٹر کی کمپنیوں میں حاضری پر پابندی اٹھالی جائے گی۔ سماجی بہبود کی وزارت کی جانب سے وضع کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق دفتری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ آمد ورفت کے مختلف وسائل کے ذریعے صوبوں کے درمیان سفر پر پابندی اور اندرون ملک فضائی پروازوں پر عائد پابندی اٹھالی جائے گی۔ ریستورانوں اور قہوہ خانوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی، جب کہ ان تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی۔ تاہم مقرر کردہ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر پر عمل لازم ہو گا۔ سماجی تقریبات مثلا شادی بیاہ اور تعزیتی مجالس وغیرہ میں 50 سے زیادہ افراد کی شرکت پر پابندی ہوگی جب کہ عوامی مقامات پر 24 گھنٹے سماجی فاصلے کے اقدامات نافذ العمل رہیں گے۔ 21 جون 2020ء سے مکہ کے علاوہ مملکت کے تمام صوبوں اور شہروں میں کرفیو کے اقدامات سے پہلے کی طرح معمولات زندگی بحال ہو جائیں گے۔ تاہم حفاظتی طبی ہدایات اور سماجی فاصلے کی پابندی لازم ہو گی۔ جب کہ مکہ مکرمہ کے حوالے سے 31 مئی سے 20 جون 2020 تک کے عمل کو جانچ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ کرفیو کے دورانیے میں علاقے کے لوگوں کو اپنے محلوں میں واک کی اجازت ہوگی تاہم مملکت میں تمام شہریوں اور غیر ملکی مقیمین پر لازم ہو گا کہ وہ وبا کو روکنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیں، چہرے پر ماسک پہننا، ہاتھوں کا دھونا، جراثیم کش مواد سے تطہیر اور سماجی فاصلہ رکھیں۔ بین الاقوامی فضائی پروازوں کا تعطل اطلاع ثانی تک جاری رہے گا اور عمرے اور زیارت پر پابندی جاری رہے گی۔
مکہ مکرمہ کے سوا: سعودی عرب میں 31مئی سے باجماعت نمازوں ، زمینی فضائی سفر پر پابندی ختم
May 28, 2020