بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری، پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کی جائے: شجاعت ، پرویز الٰہی

May 28, 2020

لاہور (نامہ نگار خصوصی) مسلم لیگ ق کے صدر سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ضلعی صدر راولپنڈی ڈویژن زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری فیاض تبسم نے ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر راولپنڈی ڈویژن میں کرونا سے متاثر خاندانوں میں امدای رقم اور رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے راولپنڈی ڈویژن کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں پارٹی کی سرگرمیاں مزید کی جائیں اور سینئر رہنماؤں کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کارکنوں کو منظم کیا جائے۔ مسلم لیگ ہاؤس راولپنڈی کو ریلیف سنٹر برقرار رکھنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے بھرپور تیاری شروع کر دی جائے۔ مسلم لیگ ق بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی۔ اس لئے جلد از جلد پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کی جائے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کرونا سے متاثرہ مریضوں میں ماسک سینی ٹائزرز تقسیم کئے جائیں۔ وباء سے متاثرہ مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑنا ان کی صحت یابی تک ان کا خیال رکھا جائے۔

مزیدخبریں