اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ 874 میگا واٹ سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ یہ ہائیڈل پاور پراجیکٹ خیبر پی کے کے ضلع مانسہرہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 سے متاثر ہوئے بغیر 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ دریائے کنہار میں 1.9639 ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے 4250 لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔