اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاک فوج نے ایل او سی پر رکھ چکری سیکٹر میں بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جاسوس طیارہ پاکستانی حدود میں 650میٹر اندر آ گیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت دہشتگردی کو بڑھاوا دے رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ ماہ بھی پاک فوج نے ایل او سی کے سانکھ سیکٹر میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔ خیال رہے کہ 2019ء میں پاک فوج نے پاکستان کی حدود میں گھسنے والے بھارت کے 3 ڈرون مار گرائے تھے، اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔ بعدازاں ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ علاوہ ازیں فروری میں پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ اور فضائی جھڑپ بھی ہوئی تھی جس کے کچھ روز بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر میں گرا دیا گیا تھا۔ قبل ازیں 6 مارچ 2018 کو ایل او سی کے مقام چری کوٹ سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا۔ اکتوبر 2017 میں بھی پاک فوج نے ایل او سی کے قریب رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کرنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔ نومبر 2016 میں بھارتی ڈرون کنٹرول لائن پر پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر آگیا تھا، جسے پاک فوج کی آگاہی پوسٹ نے نشانہ بنا کر گرا دیا تھا۔ اسی طرح 15 جولائی 2015 کو پاک فوج نے بھارت کے جاسوس ڈرون طیارے کو لائن آف کنٹرول کے قریب بھمبر کے علاقے میں گرایا تھا۔ طیارہ فضا سے پاکستانی علاقوں کی فوٹو گرافی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ایل او سی: پاک فوج نے بھارتی ڈرون مارگرایا، انڈیا دہشتگردی کو بڑھاوا دے رہا ہے: آئی ایس پی آر
May 28, 2020