لاہور( نامہ نگار+اپنے نامہ نگارسے+نوائے وقت رپورٹ) 28مئی 1998 میں پاکستان کی طرف سے کیے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کی یاد میں آج ’’یوم تکبیر ‘‘منایا جائیگا۔آج کے دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کاجواب پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکے کر کے دیا تھا۔ایٹمی دھماکوں میں امام صحافت مجید نظامی کا کردار لافانی تھا 24مئی 1998کو نوائے وقت کے فرنٹ پیج پر مجید نظامی کی سوک سنٹر آڈیٹوریم کراچی میں فرزندان پاکستان کے زیر اہتمام کی گئی تقریر تین کالمی شائع ہوئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا ایٹم بم پورے عالم اسلام کا ہے۔ خدانخواستہ وزیراعظم نواز شریف نے دھماکہ نہ کیا تو قوم ان کا دھماکہ کر دے گی۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ایٹمی طاقت بننے کی 23ویں سالگرہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔