شیخوپورہ: دکان ایک ارب 24 کروڑ میں نیلام، دوسری کا مالک صدمہ سے جاں بحق 

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) شیخوپورہ میں دکانوں کی نیلامی کے دوران پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ بولی ایک ارب 24 کروڑ روپے دیکر تاجر نے دکان اپنے نام کروالی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے شیخوپورہ میںمرحلہ وار 720دکانوں کی نیلامی کا عمل شروع ہے اور چوتھے روز  شیخوپورہ کے معروف تاجر احمد خورشید (گلشن کراکری والے) کی دکان کی بولی میں 10 کے قریب امیدواروں نے حصہ لیا اور محمد زبیر نامی تاجر نے ایک ارب 24 کروڑ روپے بولی دیکر دکان اپنے نام کروا لی ہے۔ دکان کا پہلے ماہانہ کرایہ 22 ہزار روپے تھا‘ احمد خورشید کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ نامہ نگارخصوصی کے مطابق شیخوپورہ میں پرانا اڈا لاریاں روڈ کا تاجر اپنی دکان کی نیلامی کی بولی ایک لاکھ سے زائد ہونے کا صدمہ برداشت نہ کرسکا اور ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگیا بتایا گیا تاجر حافظ نور بخش کی دکان پلاٹ نمبر23 کی بولی جب ایک لاکھ 10 ہزار تک گئی تو وہ یہ صدمہ برداشت نہ کر سکا اور ہارٹ اٹیک  کے باعث انتقال کرگیا۔ اسی روڈ کا تاجر غلام علی بھی اپنی دکان کی بولی کا صدمہ برداشت نہ کرسکا اور ہارٹ اٹیک سے ڈی ایچ کیوہسپتال داخل ہے۔ شیخوپورہ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے میونسل کارپوریشن کے دفتر میں پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ان دکانوں کی نیلامیوں  اور کرایہ میں اضافہ سے کارپوریشن کو ماہانہ سات سے آٹھ کروڑ روپے آمدن ہو گی جو پہلے ایک سے سوا کروڑ روپے تھی۔

ای پیپر دی نیشن