اسلام آباد+ ہری پور (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 5 جون کو عالمی یومِ ماحولیات کی میزبانی پاکستان کررہا ہے، یہ بہت بڑا اعزاز ہے۔ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ہے جو سنجیدگی کے ساتھ گلوبل وارمنگ کے اثرات کم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ہم یہ کوششیں دنیا کو دکھانے کے لیے نہیں بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر پاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کا سب سے بڑا نقصان آنے والی نسلوں کو اس لیے ہوگا،ہماری کوشش ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم اور واپس کیا جائے۔ ہری پور میں بلین ٹری سونامی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 5 انہوں نے کہا کہ گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ یہ صرف ہمارا ہی مسئلہ نہیں بلکہ بھارت میں بھی یہی صورتحال ہے اور وہاں ان کا دریائے گنگا کا میدانی علاقہ گلیشیئرز پر ہی انحصار کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضروری نہیں کہ اگر ہم غلط جانب نکل گئے ہیں تو وہ ٹھیک نہیں کرسکتے۔ چیزیں ٹھیک ہوسکتی ہیں اور یہی ہماری کوششیں ہیں نیشنل پارکس کو توسیع دینا وغیرہ شامل ہے۔ ڈیرہ اسمعیل خان میں دریا کے کنارے ایک جنگل اگایا گیا ہے جہاں جنگلی حیات اور پرندے آگئے، لوگوں کا روزگار۔ وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر بلین ٹری منصوبے ایک ارب پودے لگانے کا ہدف مکمل کر لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کا آغاز کے پی کے سے کیا جو آج مکمل ہو گیا۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جن ممالک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہ جلد یا بدیر تباہ ہوجاتے ہیں۔ مراکش کے شہر رباط میں عالمی سیرت کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا حضرت محمدﷺ نے مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی۔ اسلام کے بنیادی اصولوں پر جن ریاستوں نے عمل کیا وہ ترقی کرگئے۔جن ممالک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی جلد یا بدیر تباہ ہوجاتے ہیں۔ چین نے 30 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا ۔ انہوں نے نہ صرف معاشرے میں غریبوں کا خیال رکھا بلکہ 700 وزراء سطح کے لوگوں کو کرپشن پر جیل میں ڈالا۔ طاقتور کو قانون کے نیچے لایا گیا، یہ معاشرے کی ترقی کا راز ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے منصوبوں پر پیش رفت‘ تعمیرات اور ہاؤسنگ شعبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی نئی سپورٹس پالیسی پر تفصیل سے بریف کیا۔ فیفا سے متعلق معاملات اور پاکستان میں فٹبال کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے اتحاد پر بھی گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پانی کی قلت اور صوبوں کی شکایات پر جائزہ اجلاس ہوا۔ سندھ کے وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے پانی کے مسئلے پر اجلاس آج دوبارہ طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ حکومت کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال نے ملاقات کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ بڑی محنت کے بعد وزیراعظم نے وقت دیا۔ سندھ میں کافی دنوں سے پانی کی کمی کا مسئلہ چل رہا ہے۔ سندھ کا استحصال ہو رہا ہے۔ ممبر سندھ کے ساتھ چیئرمین ارسا نے ناروا سلوک کیا۔ سندھ کے پانی کا مسئلہ سیاسی نہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت سندھ کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔ نیب کی جانب سے مجھ پر سیاسی کیس بنایا جا رہا ہے۔ میں نے پانی کا مسئلہ اٹھایا تو مجھے نیب کی پریس ریلیز ملی۔
آئندہ نسلوں کیلئے بہتر پاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں:عمران
May 28, 2021