آرمی چیف سے روسی سفیر کی ملاقات ،شراکت داری کے فروغ پر اتفاق

May 28, 2021

اسلام آباد (خبر نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات روسی سفیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات‘ باہمی دلچسپی کے امور‘ علاقائی سلامتی کی صورتحال‘ دوطرفہ اور دفاعی تعاون کے فروغ اور افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن کے حصول کیلئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امید ہے کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا۔ افغانستان میں امن کا حصول مشترکہ مقصد ہے۔ آرمی چیف نے روسی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کو سراہا اور امید ظاہر کی دورے سے سفارتی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ روسی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا اور خاص طور پر افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ ملاقات میں پاک روس باہمی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ  ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے انسداد پولیو  کیلئے پاکستان کے عزم اور پاکستان میں کرونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد اور قومی کوشش ہے۔ یہ قومی عزم تھا اور اس حوالے سے قوم نے  کاوشیں کیں۔ پاکستان میں جب کوئی ایک بچہ بھی پولیو سے متاثر نہیں ہوگا تو اسے کامیابی کہیں گے۔ بل گیٹس نے پولیو کے خلاف مہم میں پاک فوج کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج نے ہر علاقے کی پولیو مہم میں موثر کردار ادا کیا۔ 

مزیدخبریں