لاہور(نیوزرپورٹر ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کیلئے دنیا کا محفوظ تر ین ملک ہے مگر بھارت میں مودی کی نگرانی میں اقلیتوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔کرتار پورراہداری منصوبہ بھارت کو آج تک ہضم نہیں ہورہا۔ امر یکہ سمیت عالمی طاقتوں کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ بھارت میں اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی آزادی مل سکے۔ وہ امریکہ سے تعلق رکھنے والی سکھ کیمونٹی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔اْنہوں نے کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور تحر یک انصاف کی حکومت اس ذمہ داری کو پورا کر رہی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ معاشرے میں کسی بھی عقیدے کے خلاف کوئی امتیاز نہیں پایا جاتا۔ چوہدری محمدسرور نے مزید کہا کہ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اپنی رپورٹوں میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں کی حالت زار اکثر بیان کرتی رہتی ہیں۔