فضل الرحمان کی چینی سفیر سے ملاقات: کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی 

May 28, 2021

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبرنگار)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ ملکی سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔  نونگ رونگ نے مولانا فضل الرحمن کو بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ آن لائن بین الاقوامی کانفرنس میں پانچ سو سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی، آپ کی شرکت باعث اعزاز ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے  شرکت کی دعوت قبول کی اور ملکی معاشی ترقی میں بھرپور حصہ لینے پر چینی سفیر نونگ رونگ کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین مستقبل میں بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں بھرپور ساتھ دیگا۔ جبکہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اقتصادی راہداری  پاکستان و چین دونوں کے مفاد میں ضروری ہے۔ دریں اثناء  قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف سے  بھی نونگ رونگ ملے اور دو طرفہ علاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین خطے میں ترقی اور خوشحالی کے مقصد کیلئے تزویراتی طور پر متحد ہیں۔ دونوں ممالک خطے میں امن و  اور ترقی کے مقصد کے حصول کیلئے اپنی کوششوں  کو یکجا کر رہے ہیں۔ معید یوسف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری صف اول کا ایک منصوبہ ہے جس کی کامیابی دونوں ملکوں کیلئے یکساں طور پر اہم ہے۔

مزیدخبریں