کراچی (نیوز رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نیب کی جانب سے سندھ حکومت کو سرکاری ملازمین کے ڈومیسائل تفصیلات کی طلبی اور شہری علاقوں میں دیہی علاقوں کے لوگوں کی بھرتی کے حوالے سے جاری کردہ نوٹس کی واپسی NROہے اور اس کا مطلب سندھ کے شہروں بالخصوص کراچی کے مفادات کے خلاف پی ٹی آئی اور پی پی پی کا اتحاد ہے ۔درحقیقت پی پی پی ،پی ٹی آئی او ر ایم کیو ایم درپردی اتحادی ہیں۔ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں جعلی ڈومیسائل پر من پسندافراد اور سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں کا سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے اور سرکاری سرپرستی میں کراچی سمیت دیگر شہری علاقوں کے اہل اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کا حق مارا جا رہا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں پر ہونے والی تمام بھرتیوں اور ڈومیسائل کے حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں اور کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ کے شہروں کے خلاف نہ صرف پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا اتحاد ہے بلکہ ایم کیو ایم بھی اس میں برابر کی شریک ہے کیونکہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے مل کر ہی سندھ میں کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کیا ہے اور جعلی و متنازع مردم شماری جس میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کر دیا گیا اسے بھی قانونی حیثیت دلوانے میں پی ٹی آئی کے ساتھ ایم کیو ایم بھی شامل ہے۔