افواہوں پر کان نہ دھریں،مانکی پاکس کا کوئی کیس نہیں :خواجہ سلمان رفیق

May 28, 2022

لاہور(نیوز رپورٹر) مانکی پاکس خدشے کے پیش نظر پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں طبی عملے کی تربیت کی جائیگی۔ یہ تربیت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز فراہم کرے گی۔ اس مقصد کیلئے ہر ہسپتال سے ایک ڈاکٹر، نرس اور پیرامیڈیکل سٹاف کو چنا جائیگا جبکہ تربیت کا آغاز یو ایچ ایس میں ہوگا۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں یو ایچ ایس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فی الحال پاکستان اور پنجاب میں مانکی پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ تاہم وبا سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ پی سی آر ٹیسٹ کیلئے یو ایچ ایس کے ساتھ ریسورس شئیرنگ کی جائیگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ مانکی پاکس کے خدشے سے نمٹنے کیلئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان، پنجاب میں عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندوں، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر سدرہ سلیم، ڈاکٹر اسد ظہیر، پروفیسر اللہ رکھا، ڈاکٹر شہنور اظہر اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔

مزیدخبریں