لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر حکومت مہنگائی کے کوڑے غریب عوام پر برسا رہی ہے۔مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی کی حکومت میں کوئی فرق نہیں ۔ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت فوری طور پر اس اضافے کو واپس لے تاکہ عوام کو سکھ کا سانس میسر ہو۔ بصورت دیگر حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور انداز میں احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پاکستان کے 22 کروڑعوام نے پیپلزپارٹی،مسلم لیگ نون،تحریک انصاف سمیت سب بیانیے اوران کا انجام دیکھ لیا ہے۔ کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آنے والا ملک میں صرف اورصرف اللہ اوراس کے رسول ؐ کا بیانیہ ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔ آج ملک وقوم جن سنگین حالات سے دوچارہیں اس میں ان تینوں بڑی جماعتوں نے کلیدی کرداراداکیا ہے ۔سودی نظام معیشت کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔اس سے محفوظ رہنے کیلئے حکومت شریعت کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد کرے۔