لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے کی نقدی طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مناواں کے علاقے میں نامعلوم چور آفتاب نامی شہری کے گھر میں گھس کر 6 لاکھ مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات چوری کر کے فرار ہو گے، سندر کے علاقے میں مسلح ڈاکو مجتبیٰ کے گھر گن پوائنٹ پر 7لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گلشن اقبال علاقے میں ڈاکو فضل حسین کی دکان سے گن پوائنٹ پر 30 ہزار روپے نقدی، شالیمار کے علاقے میں عبدالسلام کی دکان سے گن پوائنٹ پر 70 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ فیکٹری ایریا کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو دلبر سے 55 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، گجر پورہ کے علاقے میں ڈاکو عاطف سے گن پوائنٹ پر 35ہزار روپے اور موبائل فون، داتا دربار کے علاقے میں ڈاکو گل خان سے گن پوائنٹ پر 18 روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے جبکہ ڈیفنس اے اور نواب ٹاون سے کاریں، نیو انارکلی، رنگ محل، شالیمار ،ہربنس پورہ ، کاہنہ،گرین ٹاون، ہنجروال، ملت پارک، لٹن روڈ سے موٹرسائیکل چوری ہو گئیں۔ ہڈیارہ کے علاقے میں دوران ڈکیتی ڈاکوئوں نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا، پولیس نے دونوں ڈاکوئوں کو گرفتار کر لیا۔ ہڈیارہ کے علاقے میں نجی سوسائٹی میں دو ڈاکوئوں نے دو خواتین کے ساتھ لوٹ مار کی اس دوران ایک ڈاکو نے گن پوائنٹ پر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ اس کا ساتھی پہرا دیتا رہا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زیادتی کرنے والے ڈاکو کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت ارسلان اور باسط کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان سے پسٹل، موٹر سائیکل اور رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
نیو انار کلی‘ رنگ محل‘ شالیمار‘ ہربنس پورہ‘ کاہنہ‘ گرین ٹاؤن‘ ہنجروال‘ ملت پارک‘ لٹن روڈ سے موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں
May 28, 2022