اسلام آباد (خبرنگار) شمالی وزیرستان سے پولیو کے 2 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ شمالی وزیرستان سے ایک بچہ اور ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دونوں بچے ڈیڑھ ڈیڑھ سال کی عمر کے ہیں اور دونوں کا تعلق میر علی سے ہے۔ پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری، قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے 26 مئی کو دونوں کیسز کی تصدیق کی ہے۔ رواں برس خیبرپختونخوا شمالی وزیرستان سے کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پولیو وائرس نے ان بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کردیا ہے۔ میں والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا موجودہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط اور موثر حکمت عملی جاری ہے۔