لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومت کا عوام پر خودکش حملہ ہے۔ ظلم کے خلاف اتوار کو ملک گیر احتجاج ہو گا۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی حکومت نے جمعرات کو جس طرح قانون سازی کی، پی ٹی آئی حکومت کی یاد تازہ ہو گئی جب سابقہ حکومت نے 10منٹ میں قومی اسمبلی سے 35قوانین پاس کرائے تھے۔ نیب پر ہتھوڑا چلا کر ملک میں احتساب کے بچے کھچے نظام کو بھی ختم کر دیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا ایک کروڑ محسنین پاکستان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ عدم اعتماد لانے کے موقع پر ن لیگ اور پی پی پی کے رہنمائوں کو کہا تھا کہ سب سیاسی جماعتوں کو مل کر الیکشن اصلاحات متعارف کرانی چاہئیں۔ جماعت اسلامی جلد بازی میں متعارف کرائے گئے تمام یکطرفہ قوانین کو مسترد کرتی ہے۔ پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد جو حکومت بنے گی وہ ماضی کی پالیسیوں کا تسلسل ہی ہو گا۔ آج وقت نے ہمارے موقف کی سچائی ثابت کر دی۔ انتخابات کے مروجہ نظام کی بجائے متناسب نمائندگی کا اصول اپنایا جائے۔ چاہتے ہیں عدلیہ اور الیکشن کمیشن مکمل آزاد اور اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہے، حکومت وفاقی شرعی عدالت کے احکامات کی روشنی میں سود فری بجٹ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت میں شامل تمام رہنمائوں نے پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد لانے سے قبل عوام سے وعدے کیے تھے کہ پیٹرول سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو 2018ء والی سطح پر لائیں گے۔ تاہم اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے وہی کام شروع کر دیئے جو پی ٹی آئی نے کئے تھے۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا ایک کروڑ محسنین ملک کے ساتھ زیادتی ہے
May 28, 2022