اسلام آباد (اے پی پی)گلیکسو سمتھ کلائن پاکستان لمیٹڈکا خالص منافع رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 27.41 فیصد بڑھ گیا۔ کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال جنوری تا مارچ کیلئے گلیکسو کو 726 ملین روپے بعد ازٹیکس آمدن ہوئی تھی جبکہ رواں سال میں جنوری تامارچ کے دوران کمپنی کا بعد ازٹیکس نفع925 ملین روپے تک بڑھ گیا۔ اس طرح 2021 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران گلیکسو سمتھ کلائن پاکستان لمیٹڈ کی خالص آمدن میں 199 ملین روپے یعنی 27 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدن بھی اسی عرصہ کے لئے 2.28 روپے کے مقابلہ میں 2.9 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ واضح رہے کہ جاری سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے کمپنی کے آپریٹنگ منافع میں 32.69 فیصد اضافہ خالص منافع کی بڑھوتری میں کردار کا حامل رہا ہے۔