غیر ملکی قرضوںسے چھٹکاراحاصل کرنے کیلئے قومی پالیسی بنائی جائے،انجمن تاجران


 لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30روپے لیٹر اضافہ اور آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے ملک میں مہنگائی کا نہ تھمنے والا طوفان آئے گا،بلا شبہ پاکستان اس وقت شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور سبسڈی دینے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ لیکن ایسے میں وفاقی و صوبائی وزارتوں اورمحکموں کیلئے مراعات اورغیر ضروری اخراجات پر فی الفور پابندی عائد کرکے پسے طبقات کو ریلیف دیا جائے۔اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ریاست کے معاملات چلانے اور پرانا قرض اتارنے کیلئے مزید قرض لینے کی پالیسی قطعا ً سود مندنہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ، قومی ادارے ، سٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھیں اور یہ تدبیر کی جائے کہ اس صورتحال سے کیسے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر ہماری آنے والی نسلیں بھی قرضوں کے چنگل سے آزاد نہیں ہو سکیں گی۔اشرف بھٹی نے کہا کہ غیر ملکی قرضوںسے چھٹکاراحاصل کرنے کیلئے قومی پالیسی بنائی جائے اور اس کی پارلیمنٹ سے توثیق کرائی جائے۔

ای پیپر دی نیشن