ٹرانسپورٹروں نے کرائے بڑھادیئے۔ مسافروں سے جھگڑے 

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات پٹرول،ڈ یزل کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے  پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کے مالکان ، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں نے  سٹاپ ٹو سٹاپ 25 سے30روپے فی سواری کر دیا ہے جس کے باعث مسافروںسے جھگڑے ہونے لگے اور مہنگائی کے نئے طوفان نے سر اٹھا لیا ہے، جبکہ راولپنڈی سے لاہور، پشاور، میانوالی، ڈیرہ غای خان، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، سیلاکوٹ، گوجرانوالہ ، ملتان، شیخو پورہ،خوشاب، بھکر، سرگودھا، کوہاٹ، فیصل آباداور گرد و نواح کے لئے بھی کرایوں میں  اضافہ کئے جانے  پر جب مسافر اعتراض کرے تو  ٹرانسپورٹروں سے جھگڑا ہو جا تا ہے ، راولپنڈی شہر و چھائونی کے علاقوں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ سوزوکی،  ٹیکسی اور رکشائوں نے بھی کرایوں میں من مانا اضافہ کیا ہے ، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں شہر و چھائونی کے مختلف علاقوں میں طلبہ طالبات اور سرکاری ملازمین کی پک اینڈ ڈراپ سروس گاڑیوں نے بھی ٹرانسپورٹ کرائے بڑھا دیئے ہیں جس سے سب افراد ہی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں،، اس حوالے سے  ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری محمد راشد علی نے بتایا کہ حکومت نے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جو بھی ٹرانسپورٹ کرائے بڑھائے گی ان کے خلاف ایکشن ہوگا گاڑیوں کے چالان ہوں گے گاڑیاں بند کی جائیں گی بھاری جرمانے کئے جائیں گے،کرایوں میں اضافہ کی ٹرانسپورٹروں کی درخواستیں پنجاب حکومت کو بھجوادیں گے اگر حکومت نے اضافہ کیا تو اس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا فوری طور پر کسی کو کرائے بڑھانے نہیں دیئے جائیں گے،ٹرانسپورٹ اڈوں کی مانیٹرنگ شروع کر رہے ہیں جس میں ایکشن ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن