کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں منشیات برآمدگی کیس میں سزا کے خلاف مجرمان کی اپیل مسترد ہو گئی، عدالت نے اسد عرف مچھر اور وحید کی سزا برقرار رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔اس کیس کا فیصلہ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سنایا، عدالت نے قرار دیا کہ معاشرے میں منشیات جیسا گھنانا جرم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ ٹرائل کورٹ نے دونوں افراد کو جرم ثابت ہونے پر قید اور جرمانوں کی سزا سنائی تھی، وحید کو 9 سال قید کی سزا اور 90 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا، اسد عرف مچھر کو 6 سال قید، اور 30 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ استغاثہ کے مطابق دونوں افراد سے 1550 گرام آئس اور 4200 گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی، اور ان کے خلاف مقدمہ نیو کراچی تھانے میں 2020 میں درج کیا گیا تھا۔